سوات(مارننگ پوسٹ) پختون تحفظ موومنٹ سوات کا عارف وزیر کی گرفتاری کے خلاف جلوس و مظاہرہ،سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت، نوکریوں سے نکالئے گئے افراد کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ،کابل دھماکے کی شدید مذمت ،دہشتگردی مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے،گذشتہ روز مینگورہ میں ٹی ایم اے دفتر کے سامنے پختون تحفظ موومنٹ نے جلوس نکالا جو سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کی شکل اختیار کرگیا۔مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی ایم لائرز فورم ضلع سوات کے صدر اقبال عیسیٰ خیل ایڈوکیٹ نے کہا کہ ہمارے مطالبات قانون اور آئین کے مطابق جائز ہیں،دھمکیاں دینے کا عمل بند کیا جائے ملک کے تما م اداروں اور عوام کیلئے قانون برابر ہے،حکومت فوری طور عارف وزیر کو رہا کرے اور جن لوگوں کو پی ٹی ایم سے تعلق رکھنے کی بنیاد پر نوکریوں سے نکالا گیا ہے ان کو فوری طور پر بحال کیا جائے،اس موقع پر مظاہرین نے دہشت گردی مردہ باد کے نعرے بھی لگائے جبکہ کابل میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت بھی کی گئی۔