سوات بارایسوسی ایشن کے صدرسعیدخان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ محکمہ خوراک اور فوڈاتھارٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں یہی وجہ ہے کہ بازاروں میں غیرمعیاری اورمضرصحت اشیائے ضروریہ کاکاروبار کھلے عام اور بلاخوف وخطر جاری ہے جبکہ ہر دکاندار اور دیگرکاروباری حضرات مرضی کے نرخ چلارہے ہیں جو ایک قابل افسوس امر ہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید خان ایڈووکیٹ نے کہاکہ اس وقت مینگورہ شہر سمیت پورے ضلع میں غذاکے نام پر زہرکاکاروبار ہورہاہے،دودھ،دہی سمیت دیگرخوراکی اشیاء معیار چیک کئے بغیر فروخت کی جارہی ہے جس کا استعمال کئی قسم کے امراض کا سبب بن رہاہے مگر محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی سمیت انتظامیہ نے اس پر مکمل خاموشی اختیارکررکھی ہے جس کی سوات بار ایسوسی ایشن شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکام اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مزید غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ نہ کریں بلکہ ناقص اشیاء کے کاروباری افراداورزائد منافع خوروں کیخلاف سخت ایکشن لے کر عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں۔