گورنر ہاؤس پشاور میں نگراں کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے وزرا سے حلف لیا، اس موقع پر نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان سمیت صوبے کی اہم شخصیات اور معززین بھی موجود تھے۔

جمعرات (26 جنوری 2023) کی صبح گورنر خیبر پختون خوا غلام علی نے نگراں کابینہ کے ارکان سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق عبدالحلیم قصوریہ، حامد شاہ، سید مسعود شاہ، غفران اور تاج محمد آفریدی کو نگراں سیٹ اپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ساول نذیر ایڈووکیٹ، بخت نواز، فضل الہیٰ ، عدنان جلیل، شفیع اللہ اور شاہد خان بھی نگراں کابینہ کا حصہ ہونگے۔ جب کہ دیگر ممبران میں محمد علی شاہ، جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر اور منظور خان آفریدی شامل ہیں۔

گورنر پختونخوا کی جانب سے اعظم خان سے مشاورت کے بعد ناموں کو حتمی شکل دی گئی۔ آج نگران کابینہ کی حلف برداری کا امکان ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کے درمیان 5 گھنٹے طویل ملاقات اور مشاورت کے بعد نگران کابینہ کے ناموں کا فیصلہ کیا گیا۔ سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے کابینہ کیلئے مشاورت نہیں کی گئی۔

اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ کوئی سیاسی کابینہ نہیں بن رہی کہ محمود خان سے مشاورت کریں۔ گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ نگران کابینہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے وہ ہی بنائیں گے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں نگراں کابینہ کی تشکیل میں پی ٹی ائی اور اپوزیشن کے مابین وزارتوں کی تقسیم پر اختلافات سامنے ائے تھے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی ائی پانچ وزراتیں لینے پر اصرار کر رہی تھی، جب کہ اپوزیشن نے پی ٹی ائی کو تین وزراتیں دینے کی پیش کش کی، پی ٹی ائی کی جانب سے 10 رکنی نگراں کابینہ تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا، تاہم اپوزیشن وزرا کی تعداد 8 رکھنے پر قائم تھی۔