کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسف زئی نے ڈسٹرکٹ جیل سوات کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی سپرٹنڈنٹ سید رحیم شاہ نے ڈسٹرکٹ جیل کی سیکورٹی، سہولیات اور اصلاحی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کے ہمراہ جیل کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی کا جائزہ لیا۔ مردانہ اور زنانہ بارک میں قیدیوں سے ملاقات کی اور مسائل سنے۔ سپورٹس ایرینا میں سہولیات دیکھیں۔ باورچی خانے میں قیدیوں کے طعام کے لئے فوڈ آئٹمز کے معیار کی جانچ پڑتال کی اور مینو دیکھا۔ ڈیٹوکس اور ری ہیب سنٹر گئے اور کونسلنگ کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ فنی تربیت کے لئے قائم سنٹر کا معائنہ کیا۔ جوینائل کریکشن سکول میں جاری کلاس کا معائنہ کیا اور اساتذہ اور بچوں سے گفتگو کی۔ جیل میں قیدیوں کے لئے قائم ہسپتال میں ڈاکٹر، حکیم اور دیگر عملے سے ملاقات کی۔